کراچی: عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی پر تعزیتی ریفرنس، خوشحال خان کاکڑ اور رضا ربانی کا خطاب
کراچی (پ ر): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کے زیرِ اہتمام کراچی آرٹس کونسل میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کی، جبکہ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی مہمانِ خصوصی تھے۔
تعزیتی ریفرنس میں سندھ اور پشتونخوا وطن کی قوم دوست، جمہوری اور ترقی پسند سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں، وکلا، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ عثمان خان کاکڑ صرف پشتون قوم کے رہنما نہیں بلکہ تمام محکوم اقوام، مظلوم عوام اور جمہوری قوتوں کی توانا آواز تھے۔ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر عوام کے حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قومی برابری کے لیے جدوجہد کی۔
خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوا وطن اس وقت بدامنی، دہشت گردی اور خوف کی صورتحال سے دوچار ہے، عوام مزید جنگ اور خونریزی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر سے متعلق ماضی کی ریاستی پالیسیوں اور فیصلوں کے بارے میں قوم کو آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے سندھ میں آباد پشتون عوام کے شہری، آئینی، کاروباری اور معاشی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کے عوام کے قومی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے علی وزیر کی رہائی کے لیے بھی سیاسی جماعتوں سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
خوشحال خان کاکڑ نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو عوام کو بنیادی مسائل سے دور رکھنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے تو برٹش بلوچستان کی تاریخی حیثیت بحال کی جائے اور پشتون علاقوں کو متحدہ قومی وحدت کی شکل دی جائے۔
مہمانِ خصوصی رضا ربانی نے عثمان خان کاکڑ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بے باک اور نڈر سیاسی رہنما تھے جنہوں نے ہر مظلوم کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑ صرف پشتونوں نہیں بلکہ تمام محکوم اقوام اور مظلوم عوام کی مؤثر آواز تھے۔
رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں جمہوری ادارے اور آئینی نظام شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے محض انتظامی اکائیاں نہیں بلکہ قوموں کی شناخت، تاریخی حیثیت اور قومی وحدت کے نمائندہ ہوتے ہیں۔
تعزیتی ریفرنس سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے قائم مقام صدر گلزار احمد سومرو، عوامی تحریک کے صدر وسندہ تری، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے محمد شیر مسعود، پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حمید اللہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کے صوبائی صدر سید صدیق آغا اور جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے عثمان خان کاکڑ کی قومی، جمہوری اور آئینی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے سیاسی و نظریاتی مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عثمان خان کاکڑ کی جدوجہد اور اصولوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی، جمہوری اور آئینی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔