ایڈووکیٹ شہریار اچکزئی کا مبینہ اغواء: کوئٹہ بار کی کال پر آج عدالتوں میں مکمل بائیکاٹ

کوئٹہ: ایڈووکیٹ شہریار اچکزئی کے مبینہ اغواء کے معاملے پر وکلاء برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔ ینگ لائرز الائنس بلوچستان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آج 18 اگست کو مکمل عدالتی ہڑتال اور بائیکاٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ینگ لائرز الائنس کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ شہریار اچکزئی کا کئی گھنٹوں سے لاپتہ ہونا انتہائی تشویشناک اور قابلِ تشویش امر ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ شہریار اچکزئی کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور ان کے مبینہ اغواء کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے اس میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وکلاء کو تحفظ فراہم کرنا ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ینگ لائرز الائنس نے واضح کیا ہے کہ ایڈووکیٹ شہریار اچکزئی کی بازیابی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،
اور اگر وہ جلد بازیاب نہ ہوئے تو ملک گیر یا صوبائی سطح پر احتجاج سمیت مزید سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں