کوئٹہ ( خبر دار نیوز ) صوبے بھر میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور تقریبات کو پرامن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس صوبائی دارالحکومت میں منعقد ہوا۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت منعقدہ اس اجلاس میں 12 ربیع الاول کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سمیت محکمہ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے ذاتی طور پر شرکت کی، جبکہ صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جلوسوں کی روایتی گزرگاہوں، مجالس اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس موقع پر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کے معاملات میں ذرا برابر بھی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور منظور شدہ سیکیورٹی پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ شہری اس بابرکت دن کو مکمل امن اور سکون کے ساتھ منا سکیں۔