خواتین کی سیاسی و سماجی شمولیت قومی ترقی کی ضمانت ہے: خوشحال خان کاکڑ
قلعہ سیف اللہ (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ باشعور اور تعلیم یافتہ خواتین ہی ایک باشعور اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد رکھ سکتی ہیں۔ خواتین کو عملی، سیاسی اور سماجی زندگی سے دور رکھنا معاشرے کی نصف سے زائد آبادی کو مفلوج کرنے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
قلعہ سیف اللہ شہر علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ خواتین کی سیاست میں شرکت پر پابندی یا اعتراض ناقابل قبول ہے۔ سیاست کا مقصد قومی آزادی، خودمختاری، برابری، بہتر زندگی، تعلیم، صحت اور عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا ہے، اور اس جدوجہد میں خواتین کا فعال کردار ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون عوام کو آج بھی تعلیم، صحت، روزگار، امن اور بنیادی سہولیات کے مسائل کا سامنا ہے۔ پشتونخوا وطن میں بدامنی اور لاقانونیت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ بڑے شہروں میں بھی پشتون عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات موجود ہیں۔ ان حالات سے نجات کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ خواتین کی سیاسی سرگرمیوں پر اعتراض کرنے والے عناصر کا رویہ دوہرا معیار ظاہر کرتا ہے۔ خواتین کو دیگر پروگراموں میں شرکت کی اجازت دی جاتی ہے، لیکن جب وہ اپنے قومی اور سیاسی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہیں تو تنقید شروع کر دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو سیاسی، معاشی اور سماجی میدان میں برابر کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین صرف گھریلو ذمہ داریوں تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، ملازمت، سیاست اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتی ہیں۔ اسلام نے بھی خواتین کو حقوق دیے ہیں اور حضرت خدیجہؓ کی زندگی خواتین کی عملی اور معاشی خودمختاری کی روشن مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بچے کی شخصیت کی تشکیل میں ماں کا بنیادی کردار ہوتا ہے، اس لیے تعلیم یافتہ اور باشعور مائیں ہی آنے والی نسلوں کو بہتر تربیت دے سکتی ہیں۔ گھر کے تمام کاموں کی ذمہ داری صرف خواتین پر ڈالنا بھی درست نہیں، مردوں کو بھی گھریلو ذمہ داریوں میں شریک ہو کر بچوں کو برابری، خودداری اور ذمہ داری کا درس دینا چاہیے۔
خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ زندگی صرف ظاہری نمود و نمائش، لباس اور زیورات کا نام نہیں بلکہ اصل عزت انسانیت، اچھے کردار، رحم دلی، بھائی چارے اور عوامی خدمت میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن جلد آئے گا جب ایک خاتون اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پارٹی کی قیادت سنبھالے گی۔
اجتماع سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و چیئرمین میونسپل کمیٹی قلعہ سیف اللہ سید اکبر کاکڑ، ضلعی سیکرٹری شمس رودوال، میگا کاکڑ، شکیبہ روشان، خیر النساء اور گل بادانی نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر خواتین ونگ کی شہر علاقائی یونٹ اور چار ابتدائی یونٹوں کے انتخابات بھی منعقد ہوئے۔ پارٹی چیئرمین نے نومنتخب عہدیداروں اور اجتماع میں شریک سینکڑوں خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی یہ منظم اور فعال سیاسی شرکت پشتونخوا وطن میں سیاسی شعور اور بیداری کی نئی علامت ہے۔