اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک شاندار تقریب میں شرکت کی
اور چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی، سی پیک کے اگلے مرحلے اور سفارتی تعلقات کے 75 سال پر روشنی ڈالی،
جبکہ چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور وزیراعظم کے وژن کو سراہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ تاریخی دن چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے۔
صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت میں بے مثال پیشرفت کی ہے اور عالمی امن و استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے 2026 کو دونوں ممالک کے مشترکہ سفر کا اہم سنگِ میل قرار دیا کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں قوموں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور اس دوستی نے زلزلوں، طوفانوں اور سیلاب جیسے ہر امتحان کا کامیابی سے سامنا کیا ہے۔ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔