کوئٹہ : موسمِ سرما کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

کوئٹہ (خبردار کوئٹہ): کوئٹہ ویسٹ میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کرنے کے ساتھ یومیہ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جا سکے گا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی زیرِ صدارت ضلعی تعلیمی امور سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی اسکول موسمِ سرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہیں کریں گے۔ پہلے سے وصول کی گئی ایڈوانس فیس والدین کو واپس کرنا یا آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنا ہوگی۔
اجلاس میں طلبہ کے ساتھ نامناسب رویے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ فیس کی عدم ادائیگی پر کسی طالب علم کو کلاس سے باہر کھڑا کرنے یا اس کی تذلیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف رجسٹریشن کی معطلی یا منسوخی، یومیہ جرمانے اور مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں عدالتی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
محکمہ تعلیم کو فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے اور تین روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں