صاحبزادہ فرحان کی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز، دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔
صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز اسکور کیے اور تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے 2026 میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔
30 سالہ پاکستانی بیٹر نے سیریز کے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89، دوسرے میچ میں 44 گیندوں پر 73 اور تیسرے میچ میں 47 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔
صاحبزادہ فرحان کی عمدہ کارکردگی کے باوجود پاکستان کو آخری میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم قومی ٹیم نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
شاندار بیٹنگ پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ وہ اپنی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔