ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت کے لیے سری لنکا کا اسکواڈ اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جبکہ پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج رات ٹیم کو جوائن کریں گے۔ انگلینڈ کا 33 رکنی دستہ جمعہ کی صبح اسلام آباد پہنچے گا، جس میں ون ڈے اسکواڈ کے 16 کھلاڑی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا، بابر اعظم، حارث رؤف، غازی غوری، سعد بیگ اور فہیم اشرف آج رات اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل سہ پہر 4 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ دونوں ٹیموں کے تربیتی سیشنز 16 اکتوبر کو بھی سہ پہر 4 بجے ہوں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم 17 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اسی روز سہ پہر 4 بجے ٹریننگ کریں گی۔
17 اکتوبر کو پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوسل مینڈس ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ اس موقع پر تینوں کپتان سیریز سے قبل پریس کانفرنسز بھی کریں گے۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔ راولپنڈی میں 18، 20 اور 22 اکتوبر کو میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے۔