کوئٹہ (خبردار نیوز)بلوچستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کی قومی مہم کو ایک اہم اور تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
صوبے سے وائرس کی موجودگی جانچنے کے لیے لیے گئے تمام 23 ماحولیاتی نمونوں (Environmental Samples) کے نتائج منفی آ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے انسدادِ پولیو کے ٹھوس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس تسلسل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلسل کوششوں اور حکومت کی مضبوط حکمت عملی کی بدولت پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا پچھلے تین سال کی مسلسل جدوجہد اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے، وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کی ذاتی نگرانی اور سرپرستی نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔