کوئٹہ: لائبہ ستار کیس کا مقدمہ درج، اہل خانہ کی نشاندہی پر 4 ملزمان نامزد، میر ضیاء لانگو

کوئٹہ (خبردار رپورٹ) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں خواتین کے تحفظ اور حقوق کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
قلات میں لائبہ ستار اور اسماء جتک کے کیسز میں ملوث تمام ملزمان، خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
​میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ لائبہ ستار کیس میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اہل خانہ کی نشاندہی پر 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم، عدالت میں اہل خانہ کے ساتھ راضی نامے کے بعد گرفتار 2 افراد کو بری کر دیا گیا ہے
جبکہ دیگر 2 نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
​وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “روایات کو پامال کرنے اور غیرت پر حملہ کرنے والے درندے کسی بھی صورت قانون سے بچ نہیں سکتے۔
اسماء جتک ہو یا کوئی اور، بلوچستان کی تمام خواتین ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں۔ حکومت ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔”
​انہوں نے مزید بتایا کہ اسماء جتک کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو حکومت دل سے محسوس کر رہی ہے۔
کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کراچی سمیت ملک کے دیگر مختلف شہروں اور علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرم یا درندگی کرنے والا فرد کہیں نہ کہیں چھپنے کی کوشش کرتا ہے لیکن قانون کے ہاتھ بہت لمبے ہیں۔
​وزیر داخلہ بلوچستان نے عوام کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ سنگین اور گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کی جگہ صرف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں