فخر زمان: قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے اپنا کمبی نیشن تیار کر رہی ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم اپنا کمبی نیشن تیار کر رہی ہے، فخر زمان

پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کمبی نیشن تیار کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں۔ ریڈ بال کرکٹ کے بعد ون ڈے فارمیٹ کھیلنا نسبتاً آسان محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے حال ہی میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں سخت محنت کی، جہاں انہوں نے خود 150 اوورز فیلڈنگ کی۔

فخر زمان کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں واضح فرق ہے، تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہے، لیکن ہر میچ میں بہترین پرفارمنس دینا ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ کو اپنا پسندیدہ فارمیٹ بھی قرار دیا۔

قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے فخر زمان نے اعتراف کیا کہ پاکستان کئی سال سے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا، اور یہ بات کھلاڑیوں کے ذہن میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ماضی میں سیمی فائنل اور فائنل تک پہنچتی رہی ہے، تاہم اب تمام تر توجہ ورلڈ کپ کی تیاریوں پر ہے۔

ٹرائی سیریز کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی ٹریننگ

پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔

دونوں ٹیموں نے تین گھنٹے پر مشتمل ڈے اینڈ نائٹ سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔

شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم اگلے روز دوپہر 12 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ہفتے کو شام 4 سے 7 بجے تک پریکٹس کریں گی۔

ٹرائی سیریز کا افتتاحی میچ اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں