پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا، سری لنکا کو 37 رنز سے شکست
راولپنڈی: پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر لیا۔ سلمان آغا کی شاندار سنچری اور پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے۔ سلمان آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
بابر اعظم نے 45، سعد بیگ نے 39 اور حسن نواز نے 37 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4، اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدوشنکا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پون رتنا نائیکے نے 79، جینتھ لیانگے نے 60 اور کامندو مینڈس نے 44 رنز اسکور کیے، جبکہ داسن شناکا نے 28 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے میچ 37 رنز سے جیت لیا۔
سہ ملکی سیریز کا شیڈول
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ راولپنڈی جبکہ باقی مقابلے لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 22 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گے۔
لاہور میں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں ہر ٹیم دوسری ٹیموں کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔