اسلام آباد (نیوز ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اہم ملاقات کی، جس میں ریلوے کے آپریشنل امور، جاری منصوبوں اور اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال
کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹرینوں کے کرایوں میں فی الحال کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ اس فیصلے کی توثیق کرتے
ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کا ارادہ نہیں رکھتی
اور عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلوے کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنا کر ادارے کی آمدن میں اضافے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ریلویز کو ایک جدید، محفوظ اور قابلِ
اعتماد سفری ذریعہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ ریلوے کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔