کوئٹہ (خبردار نیوز ) کاریزات کو ضلع کا درجہ دلوانے کے دیرینہ مطالبے پر جاری احتجاج اور ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے حکومتِ بلوچستان متحرک ہوگئی ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان و چیئرمین کمیٹی میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی مظاہرین اور تحریک کے شرکاء سے ملاقات کے لیے پہنچ گئی۔
حکومتی کمیٹی میں وزیر داخلہ کے ہمراہ اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین، بلال کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر اہم حکام شامل ہیں۔ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد مظاہرین کے تحفظات
دور کرنا اور معاملے کا پرامن حل نکالنا ہے۔
ملاقات کے دوران حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ “آج ہمارے آنے کا بنیادی مقصد کاریزات کو ضلع بنانے کے حساس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے براہِ راست بات چیت کرنا اور ان کا
موقف سننا ہے”۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی اور تحریک کے شرکاء کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے، جس میں ضلع کی حد بندی، انتظامی امور اور قانونی تقاضوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ فریقین
کی جانب سے مثبت اشارے مل رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد کوئی متفقہ فیصلہ سامنے آ جائے گا۔