پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کی تصویر، آئی پی ایل 2027 میں شرکت سے متعلق خبروں کی تردید۔

آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، محمد عامر

محمد عامر نے آئی پی ایل 2027 میں شرکت کی خبروں کی تردید کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 میں شرکت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کر دی ہے۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر آئی پی ایل میں شرکت کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں حصہ لیا تھا، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی و سفارتی کشیدگی کے باعث اس کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو لیگ میں شرکت کا موقع نہیں ملا۔

محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں واضح کیا کہ آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عامر رواں سال مئی میں برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری بن گئے تھے۔ حال ہی میں انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے بھی رجسٹریشن کروائی تھی، جس کے بعد ان کی آئی پی ایل میں ممکنہ شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا تھا۔

محمد عامر نے 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 259 وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں