کوئٹہ (نیوز ڈیسک): بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ‘معرکہ حق’ میں پاک افواج کی شاندار کامیابی اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر مشترکہ تہنیتی قرارداد پیش کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوان میں یہ اہم قرارداد پیش کی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 7 لڑاکا طیارے مار گرائے اور کئی ایئر بیسز کو تباہ کر کے بھارتی دفاعی نظام کو ملیا میٹ کر دیا۔
قرارداد میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ دشمن کی جانب سے کئی فوجی چوکیوں پر سفید جھنڈا لہرا کر رحم کی اپیل کی گئی، جو پاک فوج کی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے قرارداد کے ذریعے دشمن کی جارحیت پر فوری اور منہ توڑ جواب دینے پر پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
متن کے مطابق، یہ کامیابی محض علامتی نہیں بلکہ ایک تاریخی موڑ ہے جس نے پاکستان کے اسٹرٹیجک عزم کو مزید پختہ کر دیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
قرارداد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور بروقت فیصلوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تاہم پوری قوم اور بالخصوص بلوچستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں