سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزا درخواستوں کی وصولی اور عمرہ ویزوں کے اجرا کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں سال کے حج سیزن کے اختتام کے بعد دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کی مملکت آمد کا سلسلہ اتوار سے شروع ہو چکا ہے۔
روزنامہ “آج” کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ نئے عمرہ سیزن کے تحت عمرہ ویزے 9 مارچ 2027 تک جاری کیے جائیں گے، جو یکم شوال 1448 ہجری کے مساوی ہے۔ اس تاریخ کے بعد مزید عمرہ ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ بین الاقوامی زائرین 23 مارچ 2027 تک سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے، جبکہ تمام عمرہ زائرین کے لیے 7 اپریل 2027 تک مملکت سے روانگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق عمرہ زائرین اب سعودی حکومت کی “نسک” ایپلی کیشن کے ذریعے مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم عمرہ اور حج سے متعلق اجازت ناموں، بکنگ، رہنمائی اور دیگر خدمات کی فراہمی کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کر رہا ہے۔
سعودی عرب نے گزشتہ چند برسوں کے دوران عمرہ خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو نمایاں طور پر فروغ دیا ہے۔ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک پرمٹس، خودکار معاہداتی طریقہ کار اور کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیقی نظام متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد زائرین کو زیادہ سہولت، شفافیت اور بہتر انتظامی خدمات فراہم کرنا ہے۔
سعودی حکومت اپنے وژن 2030 پروگرام کے تحت حج و عمرہ کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کے متعدد منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مستقبل میں بڑھتی ہوئی تعداد میں آنے والے زائرین کو معیاری خدمات فراہم کرنا اور ان کے سفر کو مزید آسان اور خوشگوار بنانا ہے۔