چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے غذر کی تحصیل گاہکوچ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، تاہم ان کی کئی نشستیں چھین لی گئی تھیں، لیکن اس بار عوام کا مینڈیٹ محفوظ رہے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی غذر کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت، اسمبلی، گورنر اور وزیراعلیٰ کے عہدے دیے، جبکہ اب خطے کو مزید آئینی اور سیاسی حقوق دلانے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے عوام سے بھرپور مینڈیٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ ملکیت، حقِ روزگار اور آئینی حقوق دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں گلگت بلتستان کی مؤثر نمائندگی کے لیے عوامی حمایت ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کرے گی، مستحق خاندانوں کی معاونت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ صحت، تعلیم، بجلی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی بڑے منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک اہم اور تعلیم یافتہ خطہ ہے، جس کے عوام کو دیگر صوبوں کے برابر حقوق ملنے چاہئیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو اپنے وعدوں پر عمل کرتی ہے اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے۔

Leave a Reply