اٹک میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک

لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب کے ضلع اٹک کے سرحدی علاقے کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) نے بڑی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ‘فتنہ الخوارج’ کے 5 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر اٹک کے سرحدی علاقے میں ناکہ بندی اور گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا۔
سی ٹی ڈی کی ٹیم کو دیکھتے ہی وہاں روپوش دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فورسز کی جانب سے کی جانے والی بھرپور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ‘فتنہ الخوارج’ سے ہے، جو پنجاب کے مختلف حساس اضلاع اور اہم تنصیبات پر بڑے حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے اور بڑی تباہی پھیلانا چاہتے تھے۔ بروقت کارروائی نے صوبے کو کسی بڑے سانحے سے بچا لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، دستی بم، 3 ایس ایم جی (کلاشنکوف)، بھاری مقدار میں گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے
اور اٹک سمیت خیبر پختونخوا سے جڑے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں