کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے معروف تفریحی اور نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں مقامی قبائل اور ایک مسلح تنظیم کے مابین شدید جھڑپوں کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔
گزشتہ رات ہونے والی ان جھڑپوں کے ردعمل میں آج مقامی آبادی کی جانب سے ہنہ اوڑک چوک پر مسلح تنظیم کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے،
جس کے باعث علاقے میں ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات مقامی قبائل اور مسلح تنظیم کے ارکان کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا،
جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آج صبح سے ہی مشتعل مظاہرین نے ہنہ اوڑک جانے والے تمام راستوں کو بلاک کر دیا ہے،
جس سے ٹریفک کی روانی مکمل بند ہو چکی ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث ہنہ اوڑک اور اس کے مضافاتی علاقوں کا کوئٹہ شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقے میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عام شہریوں اور پکنک منانے والوں (سیاحوں) کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہنہ اوڑک کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
کوئٹہ: ہنہ اوڑک چوک پر مسلح تنظیم کے خلاف مقامی قبائل کا شدید احتجاج

Leave a Reply