کوئٹہ (خصوصی رپورٹر): وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شاہد رند نے ماشکیل میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ حکومتِ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا ہے اور اس گھناؤنے فعل کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
معاونِ خصوصی شاہد رند کا کہنا تھا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک عناصر کسی بھی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہونے، ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
شاہد رند نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اوائلِ وقت میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، متاثرین کو انصاف کی فراہمی سمیت ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے شرپسند عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی بیرونی یا اندرونی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور عوام میں دہشت و خوف پھیلانے والے عناصر کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی بھرپور کارروائی کا سلسلہ بلا امتیاز جاری رہے گا۔
حکومتِ بلوچستان صوبے میں دیرپا امن کے قیام، عوام کے تحفظ اور انصاف کی سو فیصد فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کا جاں بحق ، حکومت کا شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

Leave a Reply