میڈرڈ (اسپورٹس ڈیسک)ارجنٹائن کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران اپنی ٹیم پر لگائے جانے والے مبینہ جانبداری اور فیورٹزم کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا ہے۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کی فائنل میں رسائی کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات پر میسی نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
لیونل میسی کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن نے ایک بار پھر ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور شاید یہی بات کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو پا رہی۔ انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
“لوگ جو چاہیں کہتے رہیں، لیکن ہمیں یہاں تک پہنچنے کے لیے کوئی بھی چیز مفت میں نہیں ملی۔ ہم نے میدان میں خون پسینہ بہایا ہے۔”
کپتان نے ٹیم کے لڑنے کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن کی ٹیم ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کرتی ہے، میدان میں آخری لمحے تک لڑتی ہے اور اپنے کھیل سے ہی تمام الزامات اور تنقید کا جواب دیتی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کا ذکر کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ “انگلینڈ کے خلاف میچ میں ایک گول سے پیچھے ہونے کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری اور پورے میچ پر حاوی رہے۔ مجھے اپنی ٹیم کے اس شاندار کھیل اور کم بیک پر فخر ہے۔”
میسی نے ملک بھر کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر پورے ارجنٹائن کو جشن منانے اور خوش ہونے کا موقع دینے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب ماضی کی باتیں پیچھے رہ گئی ہیں اور ٹیم کی تمام تر توجہ اسپین کے خلاف ہونے والے فائنل میچ پر مرکوز ہے جہاں وہ ٹرافی کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے۔

Leave a Reply