زیارت (خبردار نیوز ) پاک فوج کے ریٹائرڈ حوالدار محمد صادق پانیزئی شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے کلی چینہ، ضلع زیارت میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں علاقے کے عمائدین، قبائلی شخصیات، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ حوالدار محمد صادق پانیزئی کو گزشتہ دنوں دہشت گردوں نے اغوا کر لیا تھا۔ بعد ازاں زرغون غر کے علاقے شعبان میں ایک رہائشی مکان پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ان کی لاش دیگر چار افراد کی لاشوں کے ساتھ برآمد ہوئی۔
یاد رہے کہ محمد صادق پانیزئی 5 جولائی بروز اتوار اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر کوئٹہ جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں دہشت گردوں نے انہیں اغوا کر لیا تھا۔ واقعے کے بعد اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا رہے، جبکہ بعد ازاں ان کی شہادت کی اطلاع ملنے پر علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
علاقے کے عوام نے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بے گناہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں –
زیارت: دہشت گردوں کے ہاتھو ں شہید (ر ) حوالدار صادق پانیزئی کی نمازِ جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت

Leave a Reply