بلوچستان ہائیکورٹ میں سائلین کےلئے نئے سہولت مرکز کا آغاز

کوئٹہ (خبردار نیوز)بلوچستان ہائیکورٹ میں سائلین کےلئے نئے تعمیر شدہ سہولت مرکز کا افتتاح کردیا گیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ تقریب میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کامران ملاخیل، ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلا اور افسران شریک ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور سائلین و وکلا کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بلوچستان آنا ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ سہولت مرکز کے قیام سے سائلین اور وکلا کو فوری اور مؤثر سہولیات میسر ہوں گی اور انصاف کی فراہمی کا عمل مزید تیز ہوگا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ خواہش ہے کہ سہولت مراکز بلوچستان کے ہر ضلع اور تحصیل میں قائم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ملک کے ہر ضلع میں عوام کو اس نوعیت کی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ 8 اگست کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں