سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کامیاب کارروائی، 9 دہشت گرد ہلاک: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (23 ستمبر 2026): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی شدید تعریف کی ہے۔
​ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کنک وادی میں فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے بزدلانہ منصوبے کو خاک میں ملا دیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹرسائیکلوں کی برآمدگی ایک اہم پیش رفت ہے۔
​میر سرفراز بگٹی نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
​وزیراعلیٰ نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی
اور شرپسند عناصر صوبے کے امن کو کسی صورت سبوتاژ نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
​ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے
اور اس مقصد کے لیے تمام ریاستی ادارے پوری قوت سے متحرک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں