کوئٹہ ( خبردارنیوز ) معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کی ملکیت اور ایک اہم عوامی سہولت کا منصوبہ ہے، جسے نقصان پہنچانے یا سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ بیانات کے مطابق، بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس مثبت قدم میں رکاوٹ ڈالنے والوں اور شرپسند عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی عناصر جناح پیپلز ٹرین کو خطرے میں ڈالنے یا اس کی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانون کا شکنجہ مزید تنگ کیا جائے گا۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر دراصل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوامی مقبولیت سے خائف ہیں، اسی بوکھلاہٹ میں وہ ایسی گھٹیا حرکتوں پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور حکومت ایسے عناصر سے پوری قوت اور آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔