حکومتیں ویژن دیتی ہیں اور انجینیئرز اسے حقیقت میں بدلتے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد ( مانیڑنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس بات پر دلی خوشی ہوئی ہے کہ دیگر ممالک سے بھی معزز وفود یہاں تشریف لائے ہیں، اور مجھے پوری امید ہے کہ آپ پاکستان کی مہمان نواز فضا سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “میں اس وقت حکومت پاکستان کے ایک وزیر اور ایک انجینئر کی حیثیت سے آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔
انجینئرنگ کے شعبے نے مجھے نہ صرف بہترین تعلیم دی بلکہ زندگی کے معاملات دیکھنے کی ایک درست اپروچ بھی سکھائی ہے۔”
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ نے ہمیں اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ لینا اور جو کچھ تعمیر کیا جائے اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرنا سکھایا ہے۔
میں حکومتی معاملات میں بھی بالکل یہی اصول ساتھ لے کر چلتا ہوں اور آج ایک ایسے شخص کی حیثیت سے بات کر رہا ہوں جس کی بنیادی ذمہ داری مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔
ملکی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر پاکستان کو بنایا کس نے؟ انہوں نے یاد دلایا کہ جب یہ ملک وجود میں آیا تو یہاں نہ تو مضبوط صنعتیں موجود تھیں اور نہ ہی سڑکوں اور نہروں کا کوئی خاص جال تھا۔
یہ ہمارے ہی انجینئرز تھے جنہوں نے بلند و بالا اور خطرناک پہاڑوں کو کاٹ کر دنیا کی آٹھویں عجوبہ کہلانے والی شاہراہ قراقرم بنائی، موٹر ویز اور بڑے بڑے ڈیم تعمیر کیے۔
ہمارے کھیتوں کو سیراب کرنے والی ہر نہر اور ہر نہر پر بنا ہوا پل اِنہی محنتی انجینئرز کی تخلیق ہے۔ حکومتی ادارے صرف وژن فراہم کرتے ہیں لیکن اصل میں ان وژنز کو حقیقت کا روپ انجینئرز ہی دیتے ہیں۔
موجودہ عالمی منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا کو انتہائی نوعیت کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سب سے بڑا اور گھمبیر خطرہ موسمیاتی تبدیلی کا ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے یہ عالمی بحران پیدا نہیں کیا، لیکن اس کے تباہ کن اثرات کا سامنا بہرحال ہمیں ہی کرنا پڑ رہا ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کا کسی جغرافیائی بارڈر یا سرحد سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اس لیے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ عالمی لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں