کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔
اس موقع پر صوبائی اسپیکر عبدالخالق اچکزئی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی، اور ترجمان حکومت شاہد رند
سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور ایمرجنسی کنٹرول سینٹر کے کوارڈینیٹر انعام اللہ خان مندوخیل نے بھی شرکت کی۔ سات روزہ مہم کے دوران 26 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو
سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
امسال ملک میں پولیو کے 65 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 27 بلوچستان سے سامنے آئے ہیں، جن میں کوئٹہ، چمن، ڈیرہ بگٹی، اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ والدین پر زور دیا گیا ہے کہ
وہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور بچوں کو معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ حکومت نے مہم کے دوران ٹیموں کو مکمل
سیکورٹی فراہم کرنے اور پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے