نوشکی: چیک پوسٹ حملہ، غفلت پر 5 لیویز اہلکار برطرف

نوشکی (نامہ نگار) نوشکی کے علاقے کچکی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں کے حالیہ حملے کے بعد 5 لیویز اہلکاروں کو فرائض میں غفلت اور بزدلی برتنے پر برطرف کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس عبدالغفار مگسی کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسن ہزارہ نے مذکورہ اہلکاروں کی برطرفی کے احکامات جاری کر دیے۔

برطرفی کا عمل بلوچستان لیویز ڈسپلنری رولز 2015 کے تحت مکمل کیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دہشت گرد چیک پوسٹ پر حملے کے دوران سرکاری اسلحہ لے کر فرار ہوگئے جبکہ چیک پوسٹ پر موجود سرکاری گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی۔

ڈیوٹی پر موجود لیویز اہلکاروں پر مسلح افراد کے سامنے مزاحمت نہ کرنے اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں کوتاہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

برطرف ہونے والے اہلکاروں میں رسالدار محمد خان، سپاہی شوکت علی، سپاہی سراج احمد، سپاہی محمد طیب، اور سپاہی محمد نعیم شامل ہیں۔

مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں