اسلام آباد (نیوز ڈیسک): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے کے باوجود بھارت اپنے موقف کے حق میں کوئی ایک
بھی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی جھوٹی انا، تکبر اور مکاری پر مبنی سوچ کا عکاس ہے۔
وفاقی وزیر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک پرانی ‘ٹیکسٹ بک’ فالس فلیگ آپریشن تھا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے مقام اور تھانے کے فاصلے کے باوجود محض 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج ثابت کرتا ہے کہ متن پہلے سے تیار تھا۔
تحقیقات سے فرار: وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت اس سے خوفزدہ ہو کر بھاگ نکلا۔
عالمی سوالات: بین الاقوامی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جن کا بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے بھارتی میڈیا کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے ایک پروپیگنڈا ٹول کے طور پر کام کیا اور بغیر شواہد کے جنگی جنون پیدا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریے کے تحت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں اور دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی سرپرستی کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں بھارت ‘فتنہ الہندوستان’ (BLA) اور ‘فتنہ الخوارج’ (TTP)
کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔
جعفر ایکسپریس اور خضدار جیسے واقعات میں بھارتی کردار کے ٹھوس ثبوت عالمی برادری کے ساتھ شیئر کیے جا چکے ہیں جبکہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا
سب سے بڑا ثبوت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کو ‘معرکہ حق’ کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں جس طرح ذلت آمیز شکست ہوئی، وہ اسے کبھی نہیں بھولے گا۔ انہوں نے بھارتی عسکری قیادت کے
حالیہ بیانات اور نئے ‘آپریشن سندور’ کو ان کی ناکامی کا اعتراف قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت دفاعِ وطن کے لیے مکمل یکسو ہے۔
“بھارت کسی بھی مس ایڈوینچر کی غلطی نہ کرے، اسے پہلے سے بھی زیادہ موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔”
انہوں نے کہا کہ “آج بھارت عالمی سطح پر تنہائی (Isolation) کا شکار ہے جبکہ پاکستان امن کی علامت بن کر ابھرا ہے۔”وفاقی وزیر نے نے گفتگو کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا کہ
پاکستان اپنی خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لے گا۔