کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شدید دھماکہ، دھماکے سے پورا شہر لرز اٹھا

​کوئٹہ ( بیورو رپورٹ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک شدید دھماکہ ہوا ہے،
جس کی خوفناک آواز پورے شہر میں سنی گئی۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے ایک ٹرین گزر رہی تھی،
جس کے فوری بعد ریلوے ٹریک کے قریبی علاقے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
​دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس کے نتیجے میں قرب و جوار کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،
جبکہ قریبی علاقوں جونیئر اسسٹنٹ کالونی اور شہباز ٹاؤن میں متعدد گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں اکھڑ گئیں۔ فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے مزید گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
​واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مکمل معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں اور ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے
اور جیسے ہی مزید مصدقہ تفصیلات سامنے آئیں گی، میڈیا کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
​بابر یوسفزئی نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کاموں میں خلل سے بچنے اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جائے وقوعہ کے قریب جمع ہونے سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں