لاہور (نیوز ڈیسک)پنجاب کے تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (DG) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال کے مطابق، فورس نے صوبے کے مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں آئس (کرسٹل میتھ) سپلائی کرنے والے مرکزی اور بڑے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن نے شیر شاہ ٹول پلازہ پر 96 گھنٹوں پر محیط ایک طویل اور انتہائی حساس سرچ آپریشن کے بعد 2 بڑے اسمگلرز کو دھر دبوچا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور 16 کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے بتایا کہ دورانِ تفتیش ان دونوں اسمگلرز نے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے اپنے نیٹ ورک کے مرکزی ڈیلر کا نام اگل دیا۔ ف
ورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس بڑے ڈیلر کو بھی گرفتار کر لیا، جس کے بعد اس نیٹ ورک کے اب تک مجموعی طور پر تینوں ملزمان سلاخوں کے پیچھے جا چکے ہیں۔
اعترافِ جرم کے بعد ملزمان سے مزید نیٹ ورک کی معلومات کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی سی این ایف مظہر اقبال نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہماری نئی نسل کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں، اور منشیات کی سپلائی میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ملک دشمن عناصر کی ایسی تمام کوششوں کو ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے۔