مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، وزیرِ خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے طلبا کو چین اور آسٹریلیا بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ جدید زرعی طریقوں سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ بلاجواز تنقید کے بجائے ملک کی معاشی بہتری اور استحکام کے لیے مل کر کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں