کوئٹہ: وحدت کالونی میں شوہر کی فائرنگ، بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے،
جہاں گھریلو جھگڑے یا نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور چار معصوم بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
​پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جائے حادثہ کو سیل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے بچوں میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
​ریسکیو حکام نے تمام لاشوں کو ضروری ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مقتولین کی شناخت اور دیگر قانونی مراحل کو پورا کیا جا رہا ہے۔
​پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بظاہر گھریلو معلوم ہوتا ہے،
تاہم قتل کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں
تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور سوگ کا ماحول ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں