کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)سانحہ زیارت کے خلاف آل پارٹیز اتحاد کی اپیل پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثریتی اضلاع اور بڑے شہروں میں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کے باعث تمام تجارتی مراکز بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معمول سے کافی حد تک کم دیکھی جا رہی ہے۔
آل پارٹیز اتحاد کی ہڑتال کی کال پر کوئٹہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند ہیں۔ ہڑتال کے باعث کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر پبلک ٹرانسپورٹ اور نجی گاڑیوں کی تعداد بھی معمول سے قدرے کم ہے۔
آل پارٹیز اتحاد اور مظاہرین کا بنیادی مطالبہ ہے کہ سانحہ زیارت کے تمام محرکات اور حقائق کو سامنے لانے کے لیے ایک بااختیار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جو اس پورے واقعے کی شفاف تحقیقات کرے۔
دوسری جانب سانحہ زیارت کے شہدا کے لواحقین کا احتجاجی دھرنا آج نویں روز بھی کوئٹہ میں جاری ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔
اگرچہ حکومت کی جانب سے احتجاج ختم کروانے اور دھرنا کمیٹی کو منانے کے لیے اب تک مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان اب تک کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا ہے جس کی وجہ سے تعطل برقرار ہے۔

Leave a Reply