کوئٹہ۔ 13 اگست ,وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب طلبہ و طالبات سے ملاقات، طلبہ نے وزیر اعلیٰ سے مختلف امور پر مکالمہ کیا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور طلبہ و طالبات کے درمیان ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور دیگر امور پر تفصیلی مکالمہ، سوال و جواب کا طویل سیشن بھی ہوا
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب ان کے روشن تعلیمی مستقبل کی ضمانت ہے،
کیونکہ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ و طالبات کی اکثریت غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے،
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق ملک کی اعلیٰ جامعات میں مختلف شعبوں میں بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیم باعثِ مسرت ہے،
بالخصوص حکومت پنجاب بلوچستان کے طلبہ کو جامعات میں داخلے کے ساتھ ٹیوشن اور ہاسٹل فیس میں بھی معاونت فراہم کررہی ہے،
جس پر انہوں نے اہلیان بلوچستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دیگر صوبوں کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے بلوچستان کے طلبہ و طالبات نظم و ضبط اور محنت کو اپنا شعار بنائیں،
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کسی ریاست مخالف تنظیم یا پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں، حصول تعلیم میں اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں،
کیونکہ تصور اور حقائق میں فرق ہے، ریاست مخالف عناصر غیر متوازن ترقی کے نام پر طلبہ کی منفی ذہن سازی کرتے ہیں، طلبہ کو ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے،
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے اور تاقیامت قائم رہے گا، جبکہ پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،