تحصیلدار کے انٹرویوز میں مبینہ بے ضابطگیاں، وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس، عمل روک دیا گیا
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے تحت تحصیلدار کی آسامیوں کے لیے جاری انٹرویوز میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انٹرویو کا عمل تا حکمِ ثانی معطل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو 10 روز میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نوجوانوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں۔ تحقیقات کے دوران جو بھی شخص یا عناصر بدعنوانی یا بے ضابطگی میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔