جنوبی بلوچستان میں کارروائی، کم عمر بچیوں کو مبینہ خودکش حملوں کے لیے تیار کرنے کی کوشش ناکام
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے (فتنہ الہندستان) کی جانب سے کم عمر بچیوں کو مبینہ طور پر خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
میر ضیاء اللہ لانگو کے مطابق کارروائی کے دوران 16 سالہ زینب اور 12 سالہ فاطمہ کو بحفاظت تحویل میں لے لیا گیا۔ ان کے بقول دونوں بچیوں کو مبینہ طور پر خودکش حملوں کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے مبینہ منصوبے کو انتہائی تشویشناک اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے نہ صرف معصوم بچیوں کی جانیں محفوظ ہوئیں بلکہ ممکنہ بڑے سانحے کو بھی روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے کم عمر بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا سنگین جرم ہے، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میر ضیاء اللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردی کے منصوبوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور متعدد ممکنہ کارروائیوں کو بروقت ناکام بنایا جا رہا ہے۔