نوشکی(خبردار نیوز) بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے احمد وال میں 8 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے اہل خانہ لاش کو کوئٹہ کے سول ہسپتال لے آئے ہیں جہاں ڈاکٹرز کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کی کارروائی جاری ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال انتظامیہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے
اور ان کی درخواست پر نوشکی پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لواحقین نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی نوشکی اور ڈی آئی جی رخشان ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق حکومتِ بلوچستان نے پولیس کو واقعے میں ملوث عناصر کو بلا تاخیر گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔