مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا حوثی ڈرون تباہ

جدہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا حوثی ڈرون تباہ کردیا گیا
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈرون کو مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سعودی عرب کے لیے سرخ لکیر ہے اور حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ترکی المالکی نے دعویٰ کیا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ مکرمہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا، جسے سعودی حکام نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ادھر منگل کی رات سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر سائرن بھی بجائے گئے،
تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔
دوسری جانب حوثی عہدیدار نے مکہ مکرمہ پر حملے کی تردید کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے دعوے کو مسترد کر دیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں