کوئٹہ (خبردار نیوز): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے “فتنہ الہندوستان” کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستونگ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمنوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور امن کے ان دشمنوں کو صوبے میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی سرزمین کو دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس جنگ میں پوری قوم اور حکومت اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ متحد کھڑی ہے۔