کوئٹہ (خبردار نیوز ڈیسک)معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے 27 اکتوبر ‘یومِ سیاہ’ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کے مسلمہ حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ ہمیں مظلوم کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام صرف اسی صورت ممکن ہے جب کشمیری عوام کی جدوجہد، ان کی امنگوں اور بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔
یومِ سیاہ کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اور بلا مشروط یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔