کوئٹہ (خصوصی رپورٹر): بلوچستان کے ضلع مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر آج رات 9 بجے سے تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان و معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق یہ قدم خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
کرفیو کے نفاذ کے دوران عام شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز اور سخت کارروائی کی جائے گی۔