کوئٹہ ،سرکاری ہسپتالوں میں عدم تحفظ؛سیکرٹری صحت اور ایم ایس کی برطرفی کا مطالبہ،

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کے عدم تحفظ کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے سیکرٹری صحت اور ایم ایس کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
​دھرنے اور احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) کے صوبائی صدر ڈاکٹر حئی بلوچ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ شدید عدم تحفظ کا شکار ہے
لیکن بقول انکے انتظامیہ اور حکومت خوابِ غفلت میں سوئی ہوئی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیکرٹری صحت ہسپتالوں کے سنگین مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے
اور وہ ڈاکٹرز کا مؤقف سننے تک کے لیے تیار نہیں ہیں۔
​ڈاکٹر حئی بلوچ نے حکومت سے صاف لفظوں میں مطالبہ کیا کہ سیکرٹری صحت کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، کیونکہ یہ اب عملے کا بنیادی مطالبہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی، تب تک احتجاج کا یہ سلسلہ کسی صورت ختم نہیں ہوگا اور دھرنا برقرار رہے گا۔
​مقررین نے حکومت پر زور دیا کہ ہسپتالوں کے ماحول کو محفوظ بنایا جائے تاکہ مسیحا اور دیگر عملہ بلا خوف و خطر مریضوں کی دیکھ بھال کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں