منیلا (نیوز ڈیسک): فلپائن کے جنوبی جزیرے مینڈاناؤ میں 7.8 شدت کے انتہائی طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے،
جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری میڈیا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث ساحلی تجارتی مرکز ‘جنرل سانتوس’ سٹی میں کئی عمارتیں اور دکانیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں،
جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جنرل سانتوس شہر سے 13 کلومیٹر دور سمندر میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے فوراً بعد بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے فلپائن اور انڈونیشیا کے ساحلوں کے لیے 3 میٹر بلند لہروں کی وارننگ جاری کر دی ہے،
جس کے بعد حکام نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے اور امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے کے کاموں میں مصروف ہیں۔