حب: ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساوتھ زون بلوچستان نے حب کے ساحلی علاقے گڈانی میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں اربوں روپے مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز ساوتھ زون محمد زمان کے مطابق کارروائی کے دوران 1 ٹن اور 13 کلو گرام (1,013 کلو گرام) خالص آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی ہے، جو بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس منشیات کی مالیت 74 ارب 19 کروڑ روپے بنتی ہے۔
ڈی جی ایکسائز محمد زمان نے بتایا کہ یہ کارروائی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکریٹری شکیل قادر خان کے ویژن کے عین مطابق عمل میں لائی گئی۔ اس تاریخی کارروائی سے عالمی ڈرگ مافیا کو ایک بہت بڑا مالی دھچکا لگا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ دو سال کے دوران ساحلی پٹی پر کی جانے والی مختلف کارروائیوں میں:
1,638 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔
620 کلو گرام چرس ضبط کی گئی۔
27,543 غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور بیئر کین قبضے میں لیے گئے۔
ان تمام کارروائیوں کے نتیجے میں منشیات فروش مافیا کو مجموعی طور پر 133 ارب 56 کروڑ روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز محمد زمان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ نوجوان نسل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی ساحلی حدود کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔