مستونگ: پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، سپاہی شہید، ایک زخمی؛ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی شدید مذمت

​کوئٹہ (خبردار نیوز) مستونگ کے علاقے کانک میں قائم پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کا ایک سپاہی عزت اللہ جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ سپاہی نصیب اللہ شدید زخمی ہو گیا۔
​وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کانک میں پولیس چوکی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید سپاہی عزت اللہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا
اور زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
​میر سرفراز بگٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
شہید سپاہی کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس سمیت تمام سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
​انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی چھپے ہوں،
انہیں تلاش کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کے محافظوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی
اور دہشت گردی کے خاتمے تک ریاست کا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں