کوئٹہ: بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا اظہارِ مسرت
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی۔
حنیف عباسی نے بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میٹرو ٹرین سروس کے آغاز میں دیگر صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔
انہوں نے عوامی سفری سہولت کے منصوبے پر بلوچستان حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزارتِ ریلوے کے تعاون پر وزیراعلیٰ کے اظہارِ تشکر کا بھی خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ جناح میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں جدید، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی سفری سہولیات کے فروغ کا اہم منصوبہ مکمل ہونے پر صوبائی حکومت کو خوشی ہے۔