خضدار: سیکورٹی فورسز کی مشترکہ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک، شاہد رند کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ (خبردار ویب ڈیسک )معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے خضدار کے علاقے کرخ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر کامل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور فرینٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا ہے۔
​تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے کرخ میں پولیس اور ایف سی نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔
​واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا تھا کہ “انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر عزم کا بین ثبوت ہے۔
پولیس اور ایف سی نے بروقت اقدام کر کے امن دشمن عناصر کے شوم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔”
​انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
صوبے کو امن و استحکام کا گہوارہ بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مربوط اقدامات اور مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
​شاہد رند نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان ہر قدم پر اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں