آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کا 14 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

سڈنی: آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے 14 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا۔

38 سالہ گلین میکسویل نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے فیصلے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی جسمانی فٹنس پر توجہ دینا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز اور دیگر ٹورنامنٹس میں حصہ لے سکیں۔

میکسویل نے آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 7 ہزار سے زائد رنز بنانے کے ساتھ 136 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ سمیت 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے۔

ان کے کیریئر کی نمایاں اننگز 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ناقابلِ شکست 201 رنز کی تھی، جسے کرکٹ کی یادگار اننگز میں شمار کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گلین میکسویل گزشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ اب وہ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کی ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی علیحدگی اختیار کر رہے ہیں، تاہم بگ بیش لیگ اور دیگر فرنچائز ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں کھیلتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں